پشاور (خصوصی نامہ نگار) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے بلڈنگز انرجی ریسرچ سنٹر (بی ای آر سی) اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز)کے درمیان ’’ تعمیراتی شعبے کی تبدیلی اور صاف، سرسبز اور پائیدار عمارتوں کی تعمیر‘‘ کے سلسلے میں معاہدہ طے پا گیا جس پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی اور لمز کے چیف اکیڈمک آفیسر / پرووسٹ پروفیسر ڈاکٹر طارق جدون نے دستخط کئے، تقریب میں ڈین، فیکلٹی آف میکینکل ، کیمیکل و انڈسٹریل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر رضوان ایم گل، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف میکینکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ، رجسٹرار ڈاکٹر خضر اعظم خان، ڈائریکٹر سی آئی ایس این آر ڈاکٹر گل محمد خان و دیگر حکام نے شرکت کی، علاوہ ازیں لمز کوکنسلٹنسی کنٹریکٹ دیا گیا، یہ منصوبہ جی آئی زی پاکستان کی مدد اوربی ایم زیڈ کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے۔ معاہدے کا مقصد توانائی کے شعبے میں مشترکہ تحقیق اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینا اور خاص طور پر توانائی کی بچت کی حامل عمارتوں کے ڈیزائن پر توجہ مرکوزکرناہے، معاہدے کے تحت کانفرنسز کا انعقاد، تربیت کی فراہمی اور مشاورتی خدمات دی جائیں گی۔ ۔ ڈائریکٹر بی ای آر سی ڈاکٹر نوید احمد نے اس شراکت کو پاکستان کے توانائی کے مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی نےبی ای آر سی اور لمز کے اقدام کو سراہا ا۔پروفیسر ڈاکٹر طارق جدون نے دونوں اداروں کی توانائی کے مسائل کے حل میں مہارت کو بڑھانے کے عزم کو اجاگر کیا۔