• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل سے دین و دنیا کو محفوظ کیا جا سکتا ہے، علامہ اجمل رضا قادری، بولٹن میں تقریب

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے عالمی مبلغ اسلام علامہ اجمل رضا قادری نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ ہمارے آقا و مولا تو ہیں ہی لیکن آمد رسول پورے ارض و سما، پوری کائنات اور پوری انسانیت، تمام مذاہب، تمام انسانوں، پرندوں اور ہر جاندار اور بے جان سب کیلئے امن ہی امن اور سلامتی ہی سلامتی ہے۔ دین میں تشدد یا جبر ہرگز نہیں، آج امت مسلمہ جس طرح کے مصائب اور مشکلات میں پھنس چکی ہے اس سے ملت اسلامیہ پر ایک کڑا وقت آچکا ہے، آج مسلمانوں کی بقا اور فلاح کا واحد راستہ یہی ہے کہ ہم سبز گنبد کے مکیں اپنے آقا و مولا حضور اکرم ﷺ کی غلامی میں آکر دین و دنیا کو محفوظ کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مکہ مسجد بولٹن میں میلاد پاک کی آمد کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں عاشقانرسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا بہترین حل قرآن پاک کی تعلیمات اور رسول پاک ﷺ کی پیروی میں مضمر ہے۔ علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ امت کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے میلاد پاک کی آمد کے حوالے سے کہا کہ اسلام نے زندگی کے ہر شعبے میں اعتدال اور توازن کا درس دیا ہے اور دنیا کے دیگر معاشرتی اور سیاسی نظام انسانی حقوق کے احترام اور رفعت کی یہ نظیر پیش نہیں کرسکتے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر انسانی حقوق کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ پوری انسانیت کے لئے رحمت بن کر آئے، ان کے دیئے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی امت مسلمہ اپنی عظمت رفتہ بحال کرسکتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ربیع الاول میں جشن منانا اور جلسے منعقد کرنا گو قابل تعریف ہےمگر حضور اکرم ﷺ کی یاد کو پورا سال مناتے رہنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ علامہ محمد ایوب چشتی نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کرۂ ارض کی مشترکہ عظمت ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان آپس کے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے احکامات خداوندی اور تعلیمات نبوی پر عمل پیرا ہو کر بلاتفریق مذہب و مسلک و رنگ و نسل اسلام کے آفاقی پیغام امن و محبت کو عام کریں تاکہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں اورر نبی پاک ﷺ کی سنت کے مطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں۔ حافظ حمزہ امتیاز نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ کی محافل و جلوس سیرت النبیؐ سے آگاہی کا موثر ذریعہ ہیں۔ پیغام مصطفیٰ سے ہمیں اپنے کردار و اخلاص سے اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہوگا۔ بیرسٹر ہارون الرشید نے کہا کہ مسلم امہ کو اس وقت بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اس میں دہشت گردی سرفہرست ہے۔ اسوۂ رسول پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف اہم ان چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں بلکہ اسلام کے خلاف صہیونی قوتوں کی جانب سے ہونے والے مذموم پروپیگنڈے کا جواب بھی دے سکتے ہیں۔ تقریب سے صوفی شیراز نے بھی خطاب کیا اور بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پاکستان سے آئے ہوئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ثنا خواں مصطفیٰ ثقلین رشید، غلام مصطفیٰ اور قاری رضا احمد قادری نے پیش کیا تقریب کے آخر میں شرکاکا شکریہ راجہ عابد خان نے کیا۔

یورپ سے سے مزید