کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی و وومن پارلیمانی کاکس کی چیئرپرسن غزالہ گولہ نے کہا ہے کہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے موثر قانون سازی اور ان پر عمل درآمد کی ضرورت ہے خواتین ارکان اسمبلی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں ان خیالات کااظہارانہوں نےبلوچستان اسمبلی وومن پارلیمانی کاکس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں شاہدہ روف ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی ، کلثوم نیاز بلوچ ، ہادیہ نواز، صفیہ فضل ، فرح عظیم شاہ ، سلمیٰ بی بی ، سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ ، بلوچستان کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین نے شرکت کی ڈپٹی اسپیکر نے قانون سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت کی اہمیت اور ان کی زندگی پر اثر انداز ہونے والی پالیسیوں کی تشکیل میں ان کے کردار پر زور دیا شرکاء نے خواتین کو متاثر کرنے والے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا جن میں تعلیم ، صحت کی دیکھ بھال اور معاشی طور پر بااختیار بنانا شامل ہے انہوں نے بامعنی تبدیلی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کوششوں میں تعاون کا یقین اور چیلنجز سے نمٹنے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔