کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص ، زائد المیعاد اور ملاوٹی اشیاء خوردونوش کی فروخت و سپلائی کے تدارک کیلئے کاروائیاں تسلسل سے جاری ہیں، اس ضمن میں اتھارٹی کی ٹیموں نے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کوئٹہ شہر ، ڈیرہ مراد جمالی اور تربت میں 30 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق جرمانہ کئے گئے مراکز میں دودھ کی دکانیں ،آر او پلانٹس ، جنرل اسٹورز ، ہوٹل ، پکوان ہاؤس ، پیزا پوائنٹس ، بیکریاں اور بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز شامل تھے ۔ کارروائیوں کے دوران مصنوعی و پاؤڈر ملک سے تیار کردہ دہی ، جنرل و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز سے پکڑی گئی مختلف زائد المیعاد خوردنی مصنوعات اور اشیاء کی تیاری میں زیر استعمال مضر صحت رنگوں کی بڑی مقدار ضبط و تلف کی گئی ۔ جرمانہ کردہ متعدد مراکز کے فوڈ بزنس لائسنس بھی نہیں تھے جس پر مراکز مالکان کو لائسنس کا حصول ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنانے اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی تنبیہ کی گئی ۔ دوران معائنہ دو آر او پلانٹس (بوتل بند پانی کے پراسیسنگ یونٹس) سے پانی کے نمونے لیکر لیبارٹری تجزیہ کیلئے بھجوا دئیے گئے ۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ عتیق اللہ خان کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ غیر معیاری و ملاوٹی خوراک کا خاتمہ اور صحت عامہ کا تحفظ اتھارٹی کا اولین فریضہ ، خوراک کے بہتر معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ اتھارٹی کی جانب سے عوام میں مختلف چیزوں کے استعمال اور نقائص بارے شعور بھی اجاگر کیا جارہا ہے جبکہ عوام کو یہ بھی باور کروایا جارہا ہے کہ کونسی چیز ان کی صحت کیلئے اچھی ہے۔