راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پیر ودھائی جنرل بس سٹینڈ آر ایف آئی ڈی سسٹم لگایا جائے جس میں تمام بسوں کے فٹئنس سرٹیفکیٹ، بس نمبر، کرایہ نامہ و دیگر سہولیات کا ریکارڈ ڈیجیٹل ہوگا۔ یہ ہدایت بس سٹینڈکے حوالے سے کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس میں جاری کی گئی۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ہدایت کی کہ اڈے پر گرین بیلٹ، واش رومز و دیگر صفائی، کھانے کی چیزوں کے معیار کے علاوہ ڈسپنسری اور 24 گھنٹے فعال رہنے والا شکایات سیل بھی قائم کیا جائے۔ سیل میں شکایات کے علاوہ عوام سے رائے بھی لی جائے۔ انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ شہر بھر سے غیر قانونی بس سٹینڈز کا خاتمہ یقینی بنائیں تا کہ جنرل بس سٹینڈ کی افادیت یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بس سٹینڈ پر سکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لئے گارڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جائےگا۔