کراچی( سید محمد عسکری) سپریم کورٹ کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے محکمہ بورڈز و جامعات میں ایک بار پھر ڈیپوٹیشن کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ آئی بی اے سکھر کے خیرپور کیمپس کے انچارج ڈاکٹر ثمر رضا تالپور کو ڈیپوٹیشن پر میرپورخاص تعلیمی بورڈ کا چئیرمین مقرر کردیا گیا ہے۔ یہ تقرری آن گیپ ارینجمنٹ کی بنیاد پر ایک برس کے لیے کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ کے 8تعلیمی بورڈز بدترین ایڈھاک ازم کا شکار ہیں۔ ان تمام تعلیمی بورڈز مستقل چیئرمین، سیکرٹری، ناظم امتحانات اور آڈٹ افسران سے محروم ہیں جس کا اثر نتائج پر پڑ رہا ہے اور پورے سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج غیر معمولی تاخیر کا شکار ہیں۔