کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیپرا کی جانب سے ایک بار پھر کراچی سمیت پورے ملک کے صارفین کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر 3ماہ کے لیے 1.74روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہوئے بجلی قیمتوں میں اس اضافے کو مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ 1.74روپے فی یونٹ کے اس اضافے سے عوام پر43ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جو سراسر ظلم و نا انصافی ہے،عوام اس ظالمانہ اضافے کے متحمل نہیں ہو سکتے، اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور کراچی کے عوام کو این ٹی ڈی سی سے بجلی فراہم کی جائے، منعم ظفر خان نے کہاکہ ایک طرف بجلی نرخوں میں اضافے کی مسلسل اجازت دی جارہی اور عوام پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے تو دوسری طرف کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ نے بھی شہر یوں کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، حکومت اور نیپرا کی ذمہ داری ہے کہ کے الیکٹرک کو پابند کرے کہ وہ عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے، کے الیکٹرک پہلے ہی کراچی کو ملک بھر میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی فراہم کر رہی ہے اور ٹیکسوں کی بھر مار کے باعث بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی عوام کے لیے مشکل سے مشکل تر ہو تی جا رہی ہے۔