اسلام آباد (محمد صالح ظافر)اسپیکر ایاز صادق اپنے تادیبی اقدامات کی وجہ سے حکومتی ارکان کے مقابلے میں حزب اختلاف کے ڈارلنگ بن چکے ہیں ،تحریک انصاف کے گرفتار شدہ دس ارکان قومی اسمبلی کے ’’اعزاز‘‘ میں قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے جمعرات کو اپنے پارلیمانی چیمبر میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا جس کی خصوصیت یہ تھی کہ تمام پکوان اسپیکرنے اپنی اقامت گاہ پر تیار کرائے تھے جہاں سے وہ دیگچوں میں لائے گئے اور اس کے لئے چیمبر کے ماحول کو بے تکلف بنا کر اسیر ارکان کے لئے تفریح کا موقع بھی فراہم کیا گیا اس ضیافت کی اضافی خوبی یہ بھی تھی کہ اس میں ارکان اسمبلی کی تواضع دیسی مرغ کے قورمے، بھنے گوشت، بریانی، روغنی نان، رشین سلاد سے کی گئی تمام پکوان دیسی گھی میں تیار کئے گئے تھے ان ارکان نے جنہیں محض اڑتالیس گھنٹے قبل اسی عمارت میں گھپ اندھیرا کرکے مبینہ طور پر نقاب پوش چھاپہ ماروں نے دبوچ دبوچ کر گاڑیوں میں ڈالا تھا اور وہ پولیس تھانوں میں لے جائے گئے تھے اب سیرشکم ہو کر اسی جگہ کھانے سے لطف اندوز ہورہے تھے ان ارکان اسمبلی کے لئےچائے، قہوے اور کافی کے علاوہ میٹھے میں فرنی اور کسٹرڈ کی ڈشیں بھی پیش کی گئیں۔ سردار ایاز صادق جو لاہور سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے آئے ہیں پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کے بعد اپنے تادیبی اقدامات کی وجہ سے حکومتی ارکان کے مقابلے میں حزب اختلاف کے ڈارلنگ بن چکے ہیں۔