اسلام آباد (ایوب ناصر)عمران کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ، FIA کی تحقیقات شروع،بانی پی ٹی آئی کا کو سائبر کرائم ونگ کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار، وکلاء کی موجودگی میں شامل تفتیش ہونگے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں 13 ستمبر کو درج ہونے والے مقدمہ میں اڈیالہ سنٹرل جیل میں تفتیش شروع نہ ہوسکی۔ ایکس اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے جمعہ کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا، بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ وہ اپنے وکلاء کی موجودگی میں شامل تفتیش ہوں گے۔ ایف آئی اے کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہونے والی پوسٹ کی تحقیقات کے لئے خصوصی طور پر اڈیالہ جیل گئی تھی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان کی قیادت میں چار رکنی ٹیم اڈیالہ جیل میں سوا گھنٹہ گزار کر ناکام واپس روانہ ہوگئی۔