کراچی (اسد ابن حسن) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے ڈائریکٹر زون ون لاہور کے چارج نہ چھوڑنے کے بعد 16مزید تفتیشی افسران کے فوری طور پر تبادلے اور تقرریاں کر دی ہیں۔ تبادلہ شدہ افسران میں5 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز،6انسپکٹرز اور4سب انسپکٹرز شامل ہیں۔ نئی تقرریوں میں وہ افسران بھی شامل ہیں جن تمام کو اینٹی کرپشن سرکل سے ہٹا دیا گیا تھا اور زونل آفس تعیناتی کی گئی تھی مگر دو دن بعد ہی ان کے مختلف سرکلز میں تبادلے کر دیے گئے ہیں۔ اے سی سی سے ہٹائے گئے افسران لیسکو کی تحقیقات کے حوالے سے عتاب میں آئے تھے۔ دوسری طرف اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کے باوجود ڈائریکٹر سرفراز ورک نے پانچ روز گزرنے کے بعد بھی چارج نہیں چھوڑا ہے اور نہ ہی ان کی جگہ کسی کی تعیناتی کی گئی ہے جس سے یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا جائے گا۔