اسلام آباد(اسرارخان/اے پی پی)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر صنعت و تجارت مسٹر الیکسی گرزدیو نے ملاقات کی جس میں روسی تعاون سے کراچی میں نئی اسٹیل مل کے قیام سمیت صنعتی اور زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور زیرغور آئے۔
نئی اسٹیل مل کیلئے 700ایکڑاراضی بھی مختص کردی گئی ۔ دونوں ممالک نے بات چیت کے لیے ورکنگ گروپس کی تشکیل پر اتفاق کیا۔دوران ملاقات رانا تنویر کا کہنا تھاکہ 1.887ارب ٹن ذخائر کے باوجود پاکستان کوطلب پوراکرنے کیلئے آئرن اور اسٹیل کی سالانہ درآمد پر 2.7ارب ڈالر خرچ کرنا پڑتے ہیں ۔
پاکستان کو اسٹیل کی مقامی پیداوار اورکھپت میں 31 لاکھ ٹن کمی کا سامنا ہے ۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سے صنعتی اور زرعی ماہرین روس کا دورہ کریں گے‘اس موقع پر رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی 700ایکڑ اراضی نئی اسٹیل مل کے قیام کے لیے مختص کی گئی ہے، مجوزہ سائٹ کراچی میں واقع ہے ‘ یہ پورٹ قاسم کے قریب بھی واقع ہے جو خام مال کی نقل و حمل کی لاگت کو کم کرتا ہے۔
زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید زرعی مشینری کی ضرورت ہے‘الیکسی گرزدیو نے کہا کہ روس پاکستان کو جدید زرعی مشینری فراہم کرے گا۔