کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کوپاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 سے 28 اکتوبر تک ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تین ٹیسٹ میچوں کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ۔ دوسرا ٹیسٹ جوکراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں 15 سے 19 اکتوبر تک پلان کیا گیا تھا اب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بقیہ دو ٹیسٹ اصل پروگرام کے مطابق کھیلے جائیں گے ۔ پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہوگا اور تیسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 24 سے 28 اکتوبرتک کھیلا جائے گا۔ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی نے کہا ہے کہ سیریز شیڈول میں معمولی ایڈجسٹمنٹ کے باوجود، ہم شائقین کی مدد کرنے اور اس دورے کو یاد گار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔دوسرے ٹیسٹ میچ کو کراچی سے ملتان منتقل کر نے کی وجہ یہ ہے کہ اگلے سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔