کراچی(نیوزڈیسک)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف،نائب ٹاؤن چیئرمین شعیب بن ظہیر ودیگر ذمہ داران کے ہمراہ گزشتہ روز پانچ پارکوں کا افتتاح کیا۔ان پارکوں میں جیلانی پارک 5G،خضراء پارک سیکٹر 5F، اسلامیہ پارک 11F، 11Dپارک، 5Eپارک شامل ہیں۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سیکٹر 11F میں پارک کو جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن مرحوم کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ منعم ظفر خان نے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی اور سندھ حکومت نے بارشوں سے قبل 4 ارب روپے سے سڑکوں کی مرمت کا کام کروایا ،لیکن تھوڑی سی بارش کے بعد یہ ساری سڑکیں بہہ گئیں۔کراچی میں بلدیات کے حوالے سے جو مسائل ہیں اور شہر کی جو بدتر صورتحال ہے اس پر پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر بلدیات کو استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا،لیکن وہ بدستور اپنے عہدے پر براجمان ہیں، قابض میئر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئرمین ہیں۔