اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا ایسا دوست جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز چیئرمین چیو یافو (QiuYafu) کی قیادت میں روئیی (RUYI) گروپ کے 9 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کی ،وزیراعظم کے حالیہ دورہء چین کے بعد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے،چین کا روئیی گروپ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا۔ وزیراعظم نےوفد سے گفتگو میں کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،روئیی گروپ کے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں،روئیی گروپ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ساہیوال کول پاور پلانٹ کا اولین سرمایہ کار تھا۔