کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی سلیکٹرز اور کوچز انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لئے اگلے ہفتے کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت کریں گے، ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی سلیکٹرز کے ساتھ مل کر ٹیم کو حتمی شکل دیں گے، انگلینڈ کرکٹ ٹیم2اکتوبرکو ملتان پہنچے گی، انگلینڈ کرکٹ ٹیم ایک روز آرام کے بعد ملتان اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی۔پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے اراکین بھی 2 اکتوبر کو ملتان میں رپورٹ کریں گے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے شروع ہو گا،ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو تبدیل کرنے کا امکان نہیں۔ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اتوار کو لاہور پہنچ رہے ہیں جبکہ وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں، دونوں فارمیٹ کے کوچ پیر کو کنکشن کیمپ میں کھلاڑیوں کی کار کردگی کا جائزہ لیں گے، کوچ فیصل آباد میں جاری چیمپئینز ون ڈے کپ میں بھی کھلاڑیوں کی پر فارمنس کا مشاہدہ کررہے ہیں،جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے ملاقات کریں گے۔وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے بھی پاکستان وائٹ بال ٹیم پر مشاورت ہو گی، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام کے اگلے روز پاکستان وائٹ بال ٹیم نے آسٹریلیا روانہ ہونا ہے، پاکستان کو آسٹریلیا میں 4 سے 18 نومبر تک تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔دورہ آسٹریلیا کے بعد پاکستان ٹیم نے زمبابوے اور جنوبی افریقا کا دورہ کرےگی۔