کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے وینیوز فائنل کرنے کے بعد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کیلئے پچ کیوریٹر ودیگر اسٹاف کوتیاری کا حکم دیا ہے،امکان ہے کہ میچوں کے لئے پچزبنگلہ دیش سیریز سے مختلف ہوگی،جس میں بولرز اور بیٹرز کے لئے یکساں مواقع ہوں گے، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز پر شائقین، ماہرین کے علاوہ خود قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا،توقع ہے کہ انگلش بیٹرز کو اسپین ٹریک سے شکار کیا جائے گا،ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی پچز اسپن اور فاسٹ دونوں کو مدد فراہم کرتی ہے۔بڑا اسکور آسانی سے ممکن نہیں ہوتا،پاکستان کی بولنگ قوت کو سامنے رکھتے ہوئے بعض رائے یہ بھی ہیں کہ فاسٹ ٹریک سے فائدہ اٹھایا جائے،پاکستان کے پاس کوالٹی اسپنرز کا فقدان ہے، دو برس قبل انگلش ٹیم پاکستان میں کلین سوئپ کرچکی ہے اور اتفاق سے3میں سے2میچز اس نے ملتان اور راولپنڈی میں جیتے تھے،انگلش ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی 3 میچزکی ٹیسٹ سیریز کیلئے 2 اکتوبر کو ملتان پہنچے گی۔اس سیریز کے لئے انگلش شائقین بھی پاکستان آئیں گے، انگلینڈ فینز کے معروف گروپ بارمی آرمی نے سیریز کے شیڈول کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کئی شائقین میچز دیکھنے کے لئے پاکستان جانے کے خواہش مند ہیں۔