ملتان (جنگ نیوز)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جو باتیں ہونی تھیں ہو گئی ہیں، آئینی ترمیم کا ان سے پوچھیں جو لانے والے ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کی گرفتاری کے حق میں نہیں،یہ چیزیں غیر جمہوری عمل ہے، حالات سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے،
انہوں نے کہا کہ ہر طرف کمزوریاں ہیں، ملک میں سیاسی اوراقتصادی لحاظ سے کمزوریاں ہیں، ابھی بھی اطمینان کا ماحول نہیں پایا جاتا اور ملک میں آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اب توایک نیا مسئلہ سامنے ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آئین کا مسئلہ ہے، آئینی ترمیم کے بارے میں ان سے پوچھیں جو لانے والے ہیں، ہمیں آئین کے مطابق چلنا چاہیے، ہرادارہ اپنی حدود میں کام کرے تو ملک ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ میرا کسی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا، نواز شریف سے جو باتیں ہونی تھیں ہو گئی ہیں۔