کہوٹہ (نمائندہ جنگ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرنے انٹر نیشنل لاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو کیا پڑی ہے وہ ججز کی سلیکشن خود کریں۔ ہوش کے ناخن لیں سپریم کورٹ میں جو بھی چیف جسٹس میرٹ پر بنتا ہے بننے دیں۔ سیاستدان جب بھی کسی کو 7یا 4نمبر سے اوپر لائے انہوں نے جوتے سیا ستدانوں کو ہی مارے ۔ ریٹائرڈ ہونے والوں کو توسیع کیو ں دیتے ہیں۔ ہمیں میرٹ پر کام کرنا چاہئے، افسوس اپوزیشن میں میرٹ کا نعرہ لگانے والے اقتدار میں آکر میرٹ بھول جاتے ہیں ، گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں انٹر نیشنل لاء کانفرنس کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئینی تبدیلیوں کیلئے کوشش تو کرتی ہے مگر عوام کو سہولیات دینے کی کوئی نہیں سوچتا۔ انہوں نے کہا کہ مصالحتی عدالتیں ہونی چاہیں اور جرگہ نظام سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ساتھ ساتھ لوئر کورٹ نچلی سطح کی عدالتوں میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ گور نر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمیں میرٹ پر کام کرنا چاہیئے ، افسوس اپوزیشن میں میرٹ کا نعرہ لگانے والے اقتدار میں آکر میرٹ بھول جاتے ہیں۔ انٹر نیشنل لاء کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے جسٹس قبلہ ایاز نے کہا کہ ہمارے عدالتی نظام میں مسائل ضرور ہیں۔یہ نظام کو ئی جزیرہ نہیں۔ معاشرے کی عکاسی ہے۔ انٹر نیشنل لاء کانفرنس سے پرفیسر ضیاء الحق نے بھی خطا ب کیا۔