لاہور (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر عالمی مسائل، امن کے فروغ، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے امور کو اجاگر کیا جائیگا ،دنیا کے سامنے پاکستان کا نقطہ نظر پیش اور مختلف امور پر پاکستان کے موقف اور مفادات کی ترجمانی کرونگا ۔ وزیراعظم نے ہفتہ کو روانگی کے موقع پر ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے نیویارک روانہ ہو رہا ہوں، نیویارک میں انتہائی مصروف وقت گزرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے اپنی بات چیت میں عالمی مسائل، امن کے فروغ، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے امور کو اجاگر کیا جائیگا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں سے بھی دنیا کو آگاہ کیا جائیگا۔