اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے انتشاری سیاست مسترد کردی، جلسے 2028ء میں کرینگے انتشاری سیاست مسترد کرکے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ، عوام مہنگائی میں کمی، اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں،عوام مہنگائی میں کمی، مسائل کا حل چاہتے ہیں، گالی، گولی اور فساد سے معیشت بہتر ہوگی نہ معاشرت۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر اپنے ایک بیا ن میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جلسوں کے لئے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کی بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ ابھی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کیلئے محنت کرنے کا وقت ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے ،سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے سیاسی استحکام کی مضبوطی میں کردار ادا کرکے معاشی ترقی کی حمایت کی ہے، سیاسی استحکام کیلئے قوم کا اتحاد پاکستان کے روشن معاشی مستقبل اور مہنگائی سے نجات کی ضمانت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنج ، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے قوم ، سیاسی جماعتوں، اداروں اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کو بہت وقت ضائع ہوچکا ،مزید وقت ضائع کرنا ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔