ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، خانیوال اور لودھراں میں کارروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملک کولیکشن سنٹرز، واٹر پلانٹس، ریسٹورنٹس اور بیکریوں سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی، ملک کولیکشن سنٹر مالکان کے خلاف مقدمہ درج، 4 واٹر پلانٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے، 500 لٹر جعلی دودھ، 50 لٹر محلول، 10 کلو غیر معیاری اجزاء تلف کردیے گئے، تفصیلات کے مطابق موضع دراں والا لودھراں، میلسی چوک، اڈہ پل 4، چک 356 ڈبلیو بی دنیاپور میں 4 واٹر پلانٹس کو چیک کیا گیا۔ پانی لیے گئے نمونوں میں بیکٹیریا پائے گئے۔ سیمپل فیل ہونے پر واٹر پلانٹس کو بہتری تک بند کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی 17ڈی دالاں والا موڑ درکھانہ خانیوال میں جعلی دودھ تیار کرنے والے ملک کولیکشن سنٹر پر کارروائی کی۔ یوریا، وئے پاؤڈر اور گھی ملاوٹ سے جعلی دودھ تیار کیا جارہا تھا۔جعلی دودھ تیار کرکے مختلف ملک شاپس اور گلی محلوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے تمام سامان قبضے میں لے کر کولیکشن سنٹر کو بند کردیا،رحمت پلازہ اور خانیوال روڈ نزر یرو پمپ ملتان میں 2 بیکریوں کو ایکسپائری خوراک کی موجودگی، فریزر میں مردہ حشرات پائے جانے، صفائی کے ناقص انتظامات ہونے پر 20،20 ہزار روپے کے جرمانے عائدکر دئیے۔