• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی سفیر نے صدر زرداری کی مریم نواز سے ملاقات کرادی

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) سعودی عرب کے چورانوے قومی دن کے استقبالئے نے ملک کی متحارب اور مختلف الخیال سیاسی جماعتوں کے قائدین کو پیر کی شام یہاں مقامی ہوٹل میں یکجا کردیا وہ ایک دوسرے سے تپاک کے ساتھ ملے ان میں خوش گپیاں ہوئیں اور قہقہے ابھرتے پھیلتے رہے صدر آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سرکردہ مہمانوں میں شامل تھیں۔ 

صدر زرداری اپنی تقریر ختم کرکے بطور خاص مہمانوں سے فرداً فرداً ملتے مریم نواز شریف کے پاس پہنچے اور ان کے لباس اور صحت کی تعریف کی مریم نواز شریف نے سعودی عرب اور پاکستان کے قومی پرچموں کی نسبت سے سبز رنگ کے پرنٹ کی شلوار قمیض اور دوپٹہ پہن رکھا تھا جس میں وہ بہت بھلی لگ رہی تھیں صدر مملکت جنہیں ایک سے زیادہ مرتبہ لاہور جانے کا اتفاق ہوا تاہم مریم نواز وہاں ان سے نہ مل سکیں اور نہ ان کے خیرمقدم کے لئے آسکیں آج ان کی استقبالئے میں ملاقات ہوئی تو صدر آصف زرداری نے ازراہ تفنن مریم نواز شریف سے کہا کہ وہ محنت ضرور کریں اپنی خوراک پر بھی توجہ دیں کہ وہ بہت دبلی ہورہی ہیں

 اس پر قہقہہ لگا اور صدر آگے بڑھ گئے۔ سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے مہمانوں کو حفظ مراتب کے لحاظ سے نشستیں دی تھیں مولانا فضل الرحمٰن نے مریم نواز شریف سے ان کی صحت اور میاں نواز شریف کی خیریت کے بارے میں دریافت کیا۔ 

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء، اولمپین ندیم ارشد، مسلح افواج کے افسران، سفارتکاروں، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے گورنروں کے علاوہ ملک بھر سے آئے ممتاز شہریوں کی بڑی تعداد ضیافت میں موجود تھی۔

اہم خبریں سے مزید