پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے پولیس تھانوں کو رواں سال 51بچوں اور بچیوں کی گمشدگی اورلاپتہ ہونے کی رپورٹس ملیں جن میں 40بچوں وبچیوں کاسراغ لگا کر والدین کے حوالے کیا گیا جبکہ متعدد بچے رشتہ داروں کے پاس رہائش پذیر ہیں۔ چیف کیپٹل سٹی پولیس آفیسر قاسم علی خان نے بچوں کی گمشدگیوں سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہریوں خصوصاََ بچوں و بچیوں کی جان و مال کے تحفظ سے غافل نہیں ، پشاور پولیس دیگر جرائم کی روک تھام کیساتھ ساتھ عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ رواں سال کے دوران مختلف تھانوں کو 51 بچوں و بچیوں کی گمشدگی/لاپتہ ہونے کی رپورٹس موصول ہوئیں جس پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے لوکل انفارمیشن، تفتیش اور سوشل میڈیا کی مدد سے 40 بچوں و بچیوں کا سراغ لگا کر انہیں باحفاظت والدین کے حوالے کیا ۔ پشاور پولیس ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہے ۔شہری کوئی واقعہ رونما ہونے کی صورت میں پولیس کنٹرول یا تھانے کو مطلع کریں گلی محلوں میں مشکوک افرادپر کڑی نظر رکھیں۔ پولیس کے مطابق 11ایسے بچے اور بچیاں ہیں جن کا سراغ لگایا گیا ہے لیکن وہ والدین کی مرضی سے اپنے قریبی رشتہ داروں کے ہاں رہائش پذیر ہیں۔