ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلی ٰ پنجاب کی ہدایت پر پاک اٹالین ماڈرن برن یونٹ ملتان میں کروڑوں روپے کی ادویات و دیگر سامان چوری ہونے کے معاملہ میں مبینہ ملوث اور غفلت و لاپرواہی کے مرتکب اے ایم ایس سمیت 8افسران و ملازمین کے خلاف پیڈاایکٹ کے تحت انکوائری و کارروائی کاآغازکردیا گیا ہے ، اس سلسلہ میں سیکرٹری مائنزاینڈمنرلزڈیپارٹمنٹ پنجاب بابرامان بابر کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے،جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل سپیشلائزہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کو محکمانہ نمائندہ مقرر کیا گیا ہے ، انکوائری افسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ 60روز کے اندر انکوائری مکمل کرکے رپورٹ جمع کرائیں ،جس پر ایڈیشنل ڈائریکٹر /اے ایم ایس برن یونٹ سمیت 8ملازمین کو چارج شیٹ جاری کردی گئی ہے ، جن افسران و ملازمین کو چار ج شیٹ جاری کی گئی ہے ، ان میں ایڈیشنل ڈائریکٹر /اے ایم ایس ڈاکٹر سید علی مہدی ، بائیو میڈیکل انجینئر شاکر عباس ، سٹور کیپر شعیب حسن ،سیکورٹی گارڈزمحمدنعیم، محمد عمران اور سید فرحا ن ،الیکٹریشن محمد عمران ، الیکٹریکل ہیلپرمحمدعامر احمد شامل ہیں ۔ ملازمین کو 14روز کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔