• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ورلڈ باکسنگ چیمپئن عامر خان کی جانب سے جنرل عاصم منیر کی تعریف

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق ورلڈ باکسنگ چیمپئن عامر خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک مخلص اور صاحب بصیرت فوجی رہنما ہیں جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے برطانوی پاکستانی باکسر نے کہا کہ وہ جنرل عاصم منیر سے دو بار ملے اور انہیں ایک مکمل مخلص انسان پایا۔ عامر خان نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات حیرت انگیز تھی۔ وہ بہت اچھے اور ایماندار ہیں۔ وہ ایک حیرت انگیز آدمی ہے۔ وہ صاحب بصیرت ہیں جو چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے، وہ پاکستان کو کھیل اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں آگے لے جانا چاہتا ہے۔ مجھے ان پر بہت فخر ہے۔ باکسنگ چیمپئن نے کہا کہ جنرل عاصم منیر ایک عظیم سربراہ ہیں۔ اس سال کے آغاز میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو پاک فوج نے کپتان کا اعزازی عہدہ دیا تھا۔ عامر خان نے کہا کہ وہ کھیلوں اور فلاحی کاموں سے متعلق جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے ہمیشہ ان کے کام میں مدد کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ عامر خان نے اس رپورٹر سے لندن میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب میں بات کی، جہاں انہیں بطور مہمان مدعو کیا گیا تھا اور انہوں نے پاک فوج کی حمایت میں تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے اعزاز میں یوم دفاع پاکستان میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے کیونکہ پاک فوج شاندار کام کر رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید