لاہور(جنگ نیوز)پنجاب کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے معاملے پر دو بڑے آمنے سامنے آگئےوزیر اعلیٰ مریم نواز اور گورنر سلیم حیدر کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا اور دونوں رہنماؤں کی جانب سے اس حوالے سے بیانات بھی سامنے آ گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ گورنر اپنی مرضی کا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں جبکہ گورنر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کوئی نام بتائیں جس کا تقرر چاہتا ہوں لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا وائس چانسلرز کی تعیناتی پر گورنر کو جس پر اعتراض تھا مسترد کر سکتے تھے، وائس چانسلر کی تعیناتی پر سارا معاملہ پنجاب یونیورسٹی کا ہے، ہم نے میرٹ اور شفافیت پر وائس چانسلرز لگائے ہیں لیکن گورنر پنجاب یونیورسٹی میں اپنا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں۔