• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپٹی کمشنر آئی آر‘ آر ٹی او بہاولپور مس کنڈکٹ پر ملازمت سے برطرف

اسلام آباد (رپورٹ / حنیف خالد) ایف بی آر نے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس بہاولپور رب نواز احمد مٹیانہ بنیادی سکیل 18کیخلاف مس کنڈکٹ کا سنگین الزام ثابت ہونے پر سرکاری ملازمت سے برطرفی کی میجر پنالٹی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن نمبر 2467آئی آر ٹو 2024ء جاری کیا ہے، رب نواز احمد مٹیانہ رخصت منظور کرائے بغیر طویل عرصہ تک ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔برطرف افسر رب نواز نے موقف اپنایا کہ کارروائی کا علم نہیں تھا ، بیمار بیوی کو ہنگامی طور پر کینیڈا لے جانا پڑا۔ رول نمبر 4(تین) ڈی آف ڈی سرول سرونٹس ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020ء کے تحت رب نواز احمد مٹیانہ کو سرکاری ملازمین سے برطرفی جاری کر دیا ہے۔ رب نواز احمد مٹیانہ 20دسمبر 2022ء سے مسلسل غیر حاضر چلے آ رہے تھے جس پر اُن کیخلاف سول سرونٹس ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020ء کے تحت انکوائری کا آرڈر دیا گیا۔ چارج شیٹ کیا گیا‘ الزامات کی فہرست 17جولائی 2023ء کو دی گئی۔ اُن پر الزام تھا کہ انہوں نے 2سال کی ایکس پاکستان چھٹی 16اکتوبر 2020ء سے دی گئی۔ ایکس پاکستان اسٹڈی رخصت کے بعد انہوں نے بہاولپور میں 16دسمبر 2022ء کو ڈیوٹی جوائن کی۔ اس طرح 16اکتوبر 2022ء سے 15دسمبر 2022ء تک کے 61دن تک وہ بغیر رخصت منظور کرائے ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ 19دسمبر 2022ء کو انہوں نے پانچ سال کی غیرمعمولی طویل رخصت کی درخواست دی جسے بورڈ نے 25جنوری 2023ء کو نامنظور کر دیا۔ چیف کمشنر آئی آر ریجنل ٹیکس آفس بہاولپور نے 26مئی 2023ءکو رپورٹ کیا کہ وہ 20دسمبر 2022ء سے غیر حاضر ہیں۔ غیر حاضر ہونے سے پہلے انہوں نے 5سال کی چھٹی کی درخواست دی۔ ممتاز احمد کمشنر ان لینڈ ریونیو سروس بنیادی سکیل نمبر 20ریجنل ٹیکس آفس بہاولپور کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا جنہوں نے 15ستمبر 2023ء کو انکوائری رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ رب نواز احمد مٹیانہ چھٹی منظور کرائے بغیر مسلسل غیر حاضر ہیں۔ انکوائری آفیسر نے انہیں سرکاری ملازمت سے برطرفی کی میجر پنالٹی ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020ء کے تک دینے کی سفارش کی۔
اہم خبریں سے مزید