• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنر مند خواتین بلوچستان کا اثاثہ ہیں‘ رضاالرحمان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر رضا الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہنر مند خواتین اور بچیاںبلوچستان کا اثاثہ ہیں ، حکومت تکنیکی تعلیم اور تربیت فراہم کرنے والے اداروں اور ان میں زیر تعلیم بچوں کی معاونت کرے ،یہ بات انہوں نے ہیومن ایڈو کیسی اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام دستکاری و دیگر شعبوں میں ہنر سیکھنے اور انگلش لینگوئج کا کورس مکمل کرنے والی خواتین اور بچیوں میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، تقریب سے ہیومن ایڈوکیسی اینڈ ڈویلپمنٹ کی چیف ایگزیکٹو سمیرا ناز ، پروگرام منیجر فیض اللہ درانی اورسکندر زمان شاہ نے بھی خطاب کیا۔ رضاالرحمٰن نے کہا کہ اکیسویں صدی میں ٹیکنالوجی کی جدت نے نئے شعبوں کو جنم دیا ہے، معاشرے میں ووکیشنل ایجوکیشن ، پیشہ ورانہ و فنی تعلیم کی اہمیت بڑھ گئی ، غیر سرکاری ادارے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی ، کاسمیٹکس ، روایتی دستکاری اور گھریلو صنعتکاری کے شعبوں میں ہنر مند بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں حکومت ہنر سکھانے والے ان اداروں کی معاونت اور صوبے بھر میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کو فنی تعلیم کے ساتھ ان کی عملی تربیت کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے تاکہ وہ ہنر سیکھ کر معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر سمیرا ناز نے کہا کہ ہیومن ایڈوکیسی اینڈ ڈویلپمنٹ خواتین اور بچیوں کو مختلف شعبوں میں ہنرمند بنانے کیلئے دستیاب وسائل میں اپنا کردار ادا کررہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ صوبے کی خواتین اور بچیاں دستکاری و دیگر ہنر سیکھ کر معاشرے میں کارآمد شہری بن کر سماج کی خدمت کرسکیں۔
کوئٹہ سے مزید