کراچی (اسٹاف ر پورٹر ) حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدے کوپورا نہ کرنے، مہنگی بجلی وآئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں و ظالمانہ ٹیکسوں اور کے الیکٹرک کی اجارہ داری و لوٹ مار کے خلاف امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمنٰ کی اپیل پر اتوار کو کراچی میں 13اہم شاہراؤں پر احتجاجی دھرنے دیئے گئے اور اسرائیل کی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی،نیشنل ہائی وے ملیر کالابورڈ پر دھرنے میں غائبانہ نماز جنازہ کی امامت امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کی،دھرنے کالا پل،کورنگی کراسنگ،مین سپر ہائی وے،پاور ہاؤس چورنگی،اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر چورنگی،بنارس چوک،واٹر پمپ چورنگی شاہراہ پاکستان ،مین حب ریور روڈ، برنس روڈ، حیدری مارکیٹ،جوہر موڑ،راشد منہاس روڈپردیے گئے،منعم ظفر خان نے ملیر کالابورڈ مین نیشنل ہائی وے پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے حوالے سے پوری امت کے عوام کی رائے حکمرانوں سے مختلف ہے، عوام اسرائیل کے خلاف ہیں اور بدقسمتی سے کرپٹ و نااہل حکمران اپنے ہی عوام کو فتح کرنے میں لگے ہوئے ہیں، حکومت نے راولپنڈی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور اب معاہدے سے بھاگ رہی ہے،جماعت اسلامی حکومت کو معاہدے سے بھاگنے نہیں دے گی، ہماری جدوجہد جاری ہے،جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک وسیع ہوکر اب پورے ملک میں حق دو عوام تحریک بن گئی ہے،ہم حکومت سے عوام کا حق چھین کر لیں گے، حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا،منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک اور پورے ملک میں آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں، کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کی حکومتی سرپرستی اور ظالمانہ ٹیکس سسٹم نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، سندھ حکومت اربوں روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے تیار ہے لیکن عوام کو حق نہیں دیتی اور شہریوں کے بنیادی مسائل حل نہیں کرتی،منعم ظفر خان نے کہاکہ جماعت اسلامی 6اکتوبر کو شارع فیصل پر عظیم الشان اور تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ“کرے گی اور7اکتوبر کو 12بجے دن پورے ملک کے عوام سڑکوں پر نکل کر اسرائیل کے خلاف احتجاج کریں گے،حکومت پاکستان بھی 7اکتوبر کو سرکاری سطح پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کا اعلان کرے، غزہ کے بعد اسرائیل نے لبنان کے شہر بیروت پرحملہ کر کے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو شہید کردیا اگر اب بھی عالم اسلام کے حکمرانوں نے اسرائیل کی دہشت گردی وجارحیت کو نہ روکاتو کل کوئی ملک بھی نشانہ بن سکتا ہے۔