اسلام آباد (اے پی پی):بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور نقصان پہنچانے کیلئے ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے۔ وہ پاکستان کی طرف بہنے والے مختلف دریاؤں کے پانیوں کو بھی اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے اور ایک عرصے سے مملکت خداداد کیخلاف آبی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔کشمیر میڈیا سروس نے ہرسال ماہ ستمبر کے چوتھے اتوار کو منائے جانے والے” دریاؤں کے عالمی دن “کے موقع پر ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت دریا ؤں کے پانیوں کو پاکستان کے خلاف اپنے عزائم کی تکمیل کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ اس نے پاکستان کے حصے میں آنے والے دریاؤں پر غیر قانونی طور پر ڈیم تعمیر کر رکھے ہیں جس کا واحد مقصد پاکستان کو بنجر بنانا اور اسے معاشی طور پر غیر مستحکم کرنا ہے۔ مون سون کے موسم میں جب یہ دریا پانی سے لبا لب بھر جاتے ہیں تو وہ جان بوجھ کر پاکستانی کی طرف بے تحاشا پانی چھوڑ دیتا ہے جس سے یہاں سخت سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف آبادیاں شدید مشکلات سے دوچار ہو جاتی ہیں بلکہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔