اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے )پاکستان میں خون کی موروثی بیماری ہیموفیلیا سے متاثرہ رجسٹرڈ افراد کی تعداد 4500 سے تجاوز کر گئی۔ہیموفیلیا خون جمنے والے پروٹین کلاٹنگ فیکٹر 8اورفیکٹر 9 کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ ہیموفیلیا کی بیماری سے متاثرہ افراد میں معمولی چوٹ بھی شدید خون بہنے کا باعث بن سکتی ہے جو علاج کے بغیر جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ عالمی ہیموفیلیا فیڈریشن اور پاکستان ہیموفیلیا ویلفئیر سوسائٹی کے وفد جس میں رانا سیفی، ڈان روٹیلنی ، ڈاکٹر ایمنا گائیڈر، ڈیون یارک ، کانر مککون (نمائندہ ڈبلیو ایف ایچ) ڈاکٹر طاہرہ ظفر ، ڈاکٹر لبنیٰ ظفر، ڈاکٹر زاہدہ احمد، ڈاکٹر فروہ سجیل شامل تھے نے ڈی جی وزارت صحت ڈاکٹر شبانہ سلیم سے ملاقات کی اور ہیموفیلیا کے مریضوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈی جی وزرات صحت نے ہیموفیلیا سے متاثرہ مریضوں کو ہرممکن علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔