لاہور(آصف محمود بٹ ) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ’’وی وی آئی پی سٹیٹس ‘‘ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ انگلش کرکٹ ٹیم کو سربراہان مملکت کے برابر فول پروف سیکورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم نے انگلش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کو ملتان میں دو اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ایک ٹیسٹ میچ کے دوران ’’ وی وی آئی پی سٹیٹس‘‘ جبکہ انگلش کرکٹ بورڈ آفیشلز ، کمنٹیٹرز اور میچوں کی کوریج کے لئے پاکستان کا دورہ کرنے والے پروڈکشن کریو کو ’’ وی آئی پی سٹیٹس‘‘ دیا گیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بھی ’’ وی وی آئی پی سٹیٹس‘‘ دیا ہے۔ کیبنٹ ڈویثرن نے اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کر دی ہے۔ دستاویزات کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم آج (2اکتوبر) کو ملتان پہنچے گی جبکہ 29اکتوبر کو اسلام آباد سے واپس روانہ ہوگی۔ مہمان ٹیم 3اکتوبر کو آرام کرے گی جبکہ دونوں ٹیمیں 4,5ور 6اکتوبر کو ملتان میں میچ سے قبل پریکٹس کریں گی۔