اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ اسٹرٹیجک امور ، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ملائیشین وزیراعظم کی ملاقات میں پاکستان، ملائشیا دوطرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام میں افواج پاکستان کے کردار اور دہشتگردی سے جنگ میں بھی پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشتگردی سے جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔