• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماڑی پور میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، ملزم زخمی حالت میں گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڑی پور گریکس میں فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا،پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث مبینہ ملزم کو پولیس نے مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،متوفی اہلکار،اس کے والد اور بھائی نے زمین کے تنازع پر ملزم کے والد کو قتل کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تھانہ کی حدود ماڑی پور گریکس کائنات کولڈ ڈرنک کے قریب فائرنگ کے واقعے میں پولیس کانسٹیبل محسن نزیر ولد محمد نزیر جاں بحق ہوگیا،واقعے کی اطلا ع پرپو لیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع جائے وقوعہ پر پہنچ کر متوفی پولیس اہلکار کی لاش کو اسپتال منتقل کیا ،پولیس کاکہنا ہےکہ پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم اپنی کار میں سوار ہو کر موقع سے فرار ہوا تو ماڑی پور روڈ ریلوے پھاٹک کے قریب ملزم کا موٹرسائیکل گشت پر مامور پولیس اہلکاروں سے آمنا سامنا ہوا،پولیس اہلکاروں کی جانب سے ملزم کو روکنے کی کوشش کی تو ملزم و پولیس پارٹی کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلہ کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزم امان اللہ عرف مانی کے قبضہ سے آلہ قتل (پستول) بھی برآمد کرلیا گیا۔ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی نے بتایا ہےکہ 2سال قبل زمین کے تنازع پر ملزم امان اللہ کا والد رحمان مسعود فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہوگیا تھا، جس کے قتل کا مقدمہ شہید پولیس اہلکار،اسکے بھائی اور والد پر درج تھا،پولیس اہلکار نے عدالت سے ضمانت کرالی تھی تاہم والداور بھائی جیل میں تھے ،چند روز قبل وہ بھی جیل سے رہا ہوگئے ہیں ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید