• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک سال میں 300 کامیاب روبوٹک سرجری کی گئیں، پروفیسر شاہد رسول

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کراچی میں روبوٹک سرجری کے ابتدائی ایک سال کے دوران گائنی ،یورولوجی سمیت جنرل سرجری کے 300 کامیاب آپریشن کیے گئے۔جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے اس موقع پر اسپتال میں گفتگو کے دوران بتایا کہ 4 اکتوبر 2023 کو اس ٹیکنالوجی کا آغاز کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس دوران کسی مریض کی ہلاکت نہیں ہوئی۔روبوٹک سرجری کے ذریعے یورولوجی، جنرل سرجری اور گائنی سمیت مختلف شعبہ جات میں آپریشنز کیے گئے ہیں۔ ان میں سلیف گیسٹریکٹومی، بڑی آنت کے کینسر کی سرجری، ہرنیا، اور پتہ نکالنے کے کامیاب آپریشن شامل ہیں۔ ان سرجریز کے دوران نہ صرف مریضوں کی صحت یابی جلد ہوئی بلکہ پیچیدگیاں بھی کم دیکھنے میں آئیں۔ روبوٹک سرجری کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں چھوٹے کٹ کے ذریعے آپریشن ہوتا ہے، خون کا ضیاع کم ہوتا ہے اور مریض جلد صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ انسانی کلائی 180زاویے سے گھومتی ہے جبکہ روبوٹک سسٹم 360کے زاویے سے گھومنے کی صلاحیت رکھتی ہے،اس ٹیکنالوجی کو مزید فروغ دینے کے لیے بیرون ملک سے ماہرین نے مقامی ڈاکٹروں کی تربیت کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید