• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ جیو کا اشتراک، ورلڈ کلچر فیسٹیول کے تحت آرٹ نمائش، امارات کے سفیر اور قونصل جنرل کراچی کا تاریخی عمارتوں کا دورہ

کراچی (ذیشان صدیقی/ افضل ندیم ڈوگر ) آرٹس کونسل آف پاکستان ، جیو اور جنگ کے اشتراک سے آرٹس کونسل میں جاری 38روزہ ورلڈ کلچر فیسٹول کراچی میں ہفتہ کے روز دی ویجیلنس وژن آف دی اولڈ ماسٹرز اور عصری پینٹر کے عنوان سے آرٹ ایگزیبیشن کا افتتاح کیا گیا جس کے مہمان خصوصی یواے ای کے سفیر حماد عبیدابراہیم الرائیس صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ اور آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ تھے ۔ اس نمائش میں جن ممتاز مصوروں کا کام ڈسپلے کیا گیا ہے ان میں انور مقصود ، شہزاد بلوچ، لیلیٰ شہزاد ، زبیدہ آنی، آذرذوبی، عبدالرحمٰن چغتائی، انور جلال، منصور راہی، استاد اللہ بخش، جی مصطفیٰ، اسے اسلم کبیریا، بشیر مرزا، وہاب منصور، سردار محمد ، ذوالفقار زلفی ، اے آر ناگوری، اے بی نظیر ،یاور نور، ایم جاوید، ایم جان رضا، احمد جاوید اور دیگر فن پارے شامل ہیں ۔علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزابی اور قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ کراچی میں موجود تاریخی عمارتوں کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیرثقافت ذوالفقارشاہ اماراتی سفیر حمد عبید الزابی اور قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کے ہمراہ سندھ آرکائیو ڈیپارٹمنٹ پہنچے اوروہاں موجود کئی سو سال پرانے تاریخی ورثے دیکھے۔ صوبائی وزیرمہمانوں کو لیکر موہٹہ پیلس بھی گئے، متحدہ عرب امارات کے سفیرحمد عبید الزابی اور قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی آرٹس کونسل بھی پہنچے اور وہاں جاری آرٹس فیسٹول میں شرکت کی۔ متحدہ عرب امارات کے سفیرحمد عبید الزابی کا کہنا تھا کہ انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ وہ آج اس خوبصورت نمائش میں شریک ہیں۔ آرٹ ایک گلوبل زبان ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فنکار دبئی آرٹ فیسٹیول میں بھی شریک تھے۔
اہم خبریں سے مزید