کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)عوامی ورکرز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی اولین ترجیح ہے ،غریبوں ، محنت کشوں ، مزدوروں ، کسانوں سمیت متوسط طبقے کو سیاسی پلیٹ پر منظم اور سب کے ساتھ ملکر جدوجہد کرنے پر یقین رکھتے ہیں ،آئین کے تحت بلوچستان سمیت تمام صوبوں کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق تسلیم کیا جائے ۔یہ بات عوامی ورکرز پارٹی بلوچستان کے نومنتخب صدر عبداللہ صافی ، سنیئر نائب صدر ڈاکٹر نعمان حکیم ، نائب صدر اول سید عبدالباری ، جنرل سیکرٹری عبدالرحیم بلوچ اور دیگر نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں چوتھی مندوبین کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر نائب صدر دوئم خادم حسین ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری نور زمان ، سیکرٹری تعلیم و تربیت غلام یٰسین ‘ خواتین سیکرٹری ماہ زیب ، لیبر سیکرٹری عبدالغفار جمالی ، یوتھ سیکرٹری محمد صادق ، سیکرٹری اطلاعات عدنان کاکڑ ، فنانس سیکرٹری حفیظ ، کسان سیکرٹری منظور احمد ، سیکرٹری آرٹ اینڈ کلچر مور خان بھی موجود تھے،قبل ازیں عوامی ورکز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل بخشل تھلو نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا ۔مقررین نے کہا کہ پارٹی غریب عوام کی جماعت اور مزدوروں ، کسانوں ، محنت کشوں کی توانا آواز ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کررہی ہے ،دعووں کی بجائے خدمت اور ترقی ترجیح ہے ۔انہوں نے ملک میں اختلافی آوازوں کو دبانے کیلئے طاقت کے استعمال کی مذمتکرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئین پر عملدرآمد اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔