کوئٹہ(پ ر) تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف اﷲ کاکڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پرامن احتجاج پر تشدد و گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ،پارٹی قائد کی کال پر ملک بھر سے پرامن قافلے نکلے تھے تاہم حکومت نے طاقت کا استعمال کرکے معاملات کو خراب کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد کی کال پر فیصلہ کن احتجاج شروع ہو چکا ہے گرفتاریوں تشدد اور حکمرانوں کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات سے اب یہ تحریک رکنے والی نہیں، ملک کے عوام نے اب سروں پر کفن باندھ لیا، خوف کے بت ٹوٹ چکے ہیں اب کچھ بھی ہو عوام آخری فتح کے بعد ہی واپس ہونگے اور ہر دن گزرنے کے ساتھ تحریک میں شدت آتی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ حکمران وہی پرانے طاقت استعمال کرنے کے حربوں کے ذریعے عوام کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں مگر اب ان کی ایک نہیں چلے گی، آئین شکن و کرپٹ حکمران قوم کو قبول نہیں اب انہیں حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اب پورے ملک سے قافلے چلیں گے اور ان کی منزل ڈی چوک ہوگی یہ قوم اب رکنے والی نہیں حقیقی آزادی حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرنا اب ملک کے ہر فرد پر فرض ہے۔