• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ:خراب بیٹنگ کے سبب پاکستان کو بھارت سے شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بیٹنگ لائن کی خراب کارکردگی بھارت کے خلاف پاکستان کی شکست کا سبب بن گئی۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں بھارت کی پہلی جیت اور پاکستان کی پہلی شکست ہے بھارت کی ارون دھاتی ریڈی تین وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ اتوار کو دبئی میں فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انجرڈ ڈیانا بیگ کی جگہ عروب شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پاکستان ٹیم 8 وکٹ پر 105رنز بنا سکی۔ بھارت نے18.5 اوورز میں چار وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان ٹیم کو پہلے ہی اوور میں گل فیروزہ ( صفر ) کا نقصان اٹھانا پڑا اور جب سدرہ امین 8 اور عمیمہ سہیل 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو سات اوورز میں پاکستان کا اسکور 3 وکٹوں پر صرف 33 رنز تھا۔ منیبہ علی 26 گیندوں پر17 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں ۔ ریاض ( 4 ) فاطمہ ثنا ( 13 ) اور طوبٰی حسن ( صفر ) پر پویلین لوٹیں ۔ منیبہ علی کا کیچ 14 اور کپتان فاطمہ ثنا کا کیچ صفر پر ڈراپ ہوا ۔ ندا ڈار 28 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ ارون دھاتی ریڈی نے تین ،شریانکا پاٹل نے دو وکٹ لیے۔ پاکستان کو سمرتی مدھانا کی شکل میں اہم وکٹ جلد ہی مل گئی جو 7 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی گیند پر کیچ ہوئیں ۔ شفالی ورما اور جیمیما راڈرگس نے اسکور میں 43 رنز کا اضافہ کیا۔ شفالی ورما 32 رنز بناکر عمیمہ سہیل کی گیند پر عالیہ ریاض کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ فاطمہ ثنا نے اپنے تیسرے اوور میں لگاتار گیندوں پر جیمیما ( 23) اور ریچا گھوش ( صفر ) کو آؤٹ کردیا۔ تاہم کپتان ہرمنپریت کور نے 29 رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔دوسرے میچ میں سابق چیمپئن ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹ سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی۔اتوار کو اسکاٹ لینڈ نے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے ۔ایلسا لسٹر 26 اور کیتھرین بریس 25 رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ویسٹ انڈیز کی افے فلیچر نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیاجواب میں ویسٹ انڈیز نے ہدف پچاس گیندیں پہلے پورا کر لیا۔پلیئر آف چینلی ہنری نے 18 رنز بنائے اور ایک وکٹ حاصل کی۔

اسپورٹس سے مزید