• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اعداد و شمار پیش کرنے کا الزام، مختلف میپکو افسران کیخلاف کارروائی

ملتان(سٹاف رپورٹر) سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجد نواز بھٹی نے لائن لاسز کے بوگس اور جعلی اعدادوشمار پیش کرنے، کمپنی کو نقصان پہنچانے پر ملتان شہر میں ایک ایکسین کو عہدے سے ہٹاکر سرکل سے ریلیو کرنے، 3 ایس ڈی اوز کو معطل اور 3 ایس ڈی اوز کو انتظامی بنیادوں پر عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ لائن لاسز اور ریکوری کے اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی کا آغاز بھی کردیاگیاہے۔ اتھارٹی کی طرف سے مقرر کردہ ٹارگٹس حاصل نہ کرنے والوں کو عہدوں سے ہٹاکر پاکستان واپڈا ایمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ایکسین میپکوکینٹ ڈویژن محمد اکرم جاوید کو جولائی2024ء سے مسلسل لائن لاسز کے جعلی اعداد و شمار فراہم کرکے کمپنی کو نقصان پہنچانے پر سرکل سے ریلیو کیاگیاہے۔ ایکسین کینٹ ڈویژن نے ماہ جولائی2024ء کے ماہانہ لائن لاسز میں 5.96 فیصد اضافہ کیا۔ستمبر2024ء میں جعلی اعداد و شمار فراہم کرنے کا بوگس عمل جاری رکھا اور گزشتہ ماہ لائن لاسز میں 2.79فیصد اضافہ کیا۔ مالی سال 2024-25ء کی پہلی سہ ماہی میں پروگریسو لائن لاسز میں بھی 2.03 فیصد اضافہ ہوا۔انہیں خراب کارکردگی کے باعث ایکسین کینٹ ڈویژن کی ذمہ داریوں سے ہٹاکر میپکو ہیڈ کوارٹرملتان رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کے خلاف کارکردگی اور نظم و ضبط کے قواعد 1978ء کے تحت تادیبی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔ایس ڈی او نیوملتان سب ڈویژن ملتان ثاقب انعام، ایس ڈی او نواں شہر سب ڈویژن محمد عمران کو ستمبر 2024ء کے ماہانہ اور مالی سال 2024-25ء کی پہلی سہ ماہی میں پروگریسو لائن لاسز کے غلط اعدادوشمار پیش کرکے حقائق چھپانے اور لائن لاسز بڑھانے پر جبکہ قائمقام ایس ڈی او انڈسٹریل اسٹیٹ سب ڈویژن ذیشان قریشی کو ناقص کارکردگی پر معطل کیاگیاہے۔
ملتان سے مزید