• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی دھماکا خودکش قرار، 2 چینی انجینئرز کی ہلاکتیں، دہشت گردی انسانیت کی دشمن، پاکستان تحقیقات کرے، بیجنگ

کراچی، اسلام آ باد( اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ،‘ مانیٹرنگ ڈیسک) تفتیشی ذرائع نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب گزشتہ رات ہونے والے دھماکے کو خودکش قراردیدیا، دھماکے میں 2چینی انجینئرز سمیت 3افراد ہلاک ہوئے، چینی وزارت خارجہ نے پاکستان میں موجود چینی باشندوں کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اعتماد، تعاون اور سی پیک کو نقصان پہنچانے کی دہشت گرد قوتوں کی کوششیں ناکام ہونگی، دہشت گردی انسانیت کی دشمن ، پاکستان واقعے کی تحقیقات کرے.

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفارخانے کا دورہ کیا اور واقعے کی مذمت اور چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوا کا اظہار کیا

 وزیراعظم نے کہا کہ واقعہ پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے،تحقیقات کی خود نگرانی کرونگا،ذمہ داروں کو انجام تک پہنچائینگے،چینی دوستوں کی سکیورٹی میں کوئی کسرنہیں چھوڑی جائیگی، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھی کراچی ائیر پورٹ کے قریب چینی انجینئرز پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ یہ ظالمانہ عمل بغیر سزا نہیں رہے گا،متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکےمیں 70 سے 80 کلوگرام مواد استعمال کیا گیا، نشانہ غیر ملکیوں وفدتھا، واقعے میں 3افراد ہلاک، 17زخمی ہوئے، پولیس موبائل سمیت 15 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے کراچی میں چینی قافلے پر ہونے والے خودکش حملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ 

ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین کو اپنے شہریوں پر ہونے والے حملے پر گہری تشویش ہے اور ہم اسکی شدید مذمت کرنے سمیت حملے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

 ترجمان نے کہاکہ چینی کی جانب سے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ترجمان نے کہاکہ چین دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی کوشی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے۔

اہم خبریں سے مزید