• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں دہشت گردی کا شکار چینی انجینئرز بجلی قیمتوں میں کمی پر مذاکرات میں شامل تھے، وزرائے خزانہ و توانائی

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیر توانائی اویس لغاری نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی انجینئرز بجلی کی قیمتوں میں کمی پر مذاکرات میں شامل تھے۔

احتجاج اور شہروں کی بندش سے ملکی معیشت کو یومیہ 190ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، ہڑتال یا احتجاج سے معیشت اور عوام پر منفی اثرات مرتب ہورہے، معیشت استحکام سے نمو کی جانب گامزن ہے ایسے میں پاکستان احتجاج اور دہشت گردی کے متحمل نہیں ہوسکتے اور نہ ہی اس کی اجازت دیں گے۔ 

منگل کو اپنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی بہتری کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں معاشی استحکام کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر10.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، ملکی کرنسی مستحکم ہے، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہترہورہی ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کے واجبات ادا کئے گئے ہیں، افراط زرمیں نمایاں کمی ہوئی ہے، مہنگائی کی شرح 6.9فیصد کی سطح پرہے جو44ماہ کی کم ترین سطح ہے اور پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی آرہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کائبورمیں کمی آئی ہے، حکومت نے بینکوں سے قرضوں میں کمی کی ہے تاکہ نجی شعبہ کوزیادہ قرضہ ملے۔

 انہوں نے کہاکہ احتجاج سے ملکی معیشت کونقصان پہنچ رہاہے، ایک دن ایک شہر بندہونے سے بہت نقصان ہوتاہے، ملکی معیشت کوبڑی محنت سے استحکام کی سطح پرلایاگیاہے اوراب ہم نموکی جانب گامزن ہیں مگرایک دن کی ہڑتال یااحتجاج سے معیشت اورعوام پر منفی اثرات مرتب ہورہے۔

انہوں نے کہاکہ ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کادورہ مکمل کیاہے، سعودی عرب سے ایک اہم تجارتی وفد پاکستان آرہاہے، پاکستان میں ایس سی اوکانفرنس بھی منعقد ہورہی ہے۔ یہ سب اچھی پیشرفت ہے تاہم احتجاج اور دہشت گردی کی وجہ سے ملکی معیشت کومسلسل نقصان پہنچ رہاہے، اسلام آباد میں 8لاکھ لوگ گزشتہ چار روز کے احتجاج سے متاثرہوئے ہیں، اگرعوام کیلئے بات کرنی ہے تومیز پربیٹھ کربات کریں، دکانوں اورمارکیٹوں کی بندش سے بہت نقصان ہورہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ کے اکنامک ایڈوائزری ونگ نے احتجاج کی وجہ سے نقصان کاجوتخمینہ لگایاہے وہ 190 ارب روپے یومیہ ہے، اس وقت کل جی ڈی پی 124ٹریلین روپے ہے اوراس کی بنیادپریہ تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید