• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں کاشتکاروں کیلئے بینظیر ہاری کارڈ، 8 ارب روپے مختص

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کاشت کاروں کو بےنظیر ہاری کارڈ دینے کےلیے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں‘ منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں محکمہ زراعت و آبپاشی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ربیع کا موسم شروع ہونے والا ہے اس لیے کاشت کاروں کو مراعات ملنے سے وہ ربیع کی دوسری فصلوں کے علاوہ گندم کی اچھی فصل بھی اگا سکیں گے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب کے موقع پر سندھ میں 40 لاکھ ایکڑ پر خریف کی فصل کھڑی تھی جس میں سے 36 لاکھ ایکڑ سے زیادہ تباہ ہوگئی تھی۔ سیلاب کے دوران کل نقصانات کا تخمینہ 421 ارب روپے لگایا گیا تھا۔ ہم زرعی شعبے کی بحالی کےلیے کوشاں ہیں اور درآمدی زرعی اشیا پر انحصار کم کرنے کےلیے نئی فصلیں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فیصلہ کیا کہ محکمہ زراعت کسانوں کو برآمدی فصلیں کاشت کرنے کےلیے رہنمائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاول برآمد کر رہے ہیں اور زیادہ تر دالیں درآمد کر رہے ہیں جبکہ دالوں کی مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ بہت بڑی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کاشت کاروں کو زمین ہموار کرنے کی مشینری فراہم کرنے کےلیے محکمہ زرداعت کی ورکشاپس کو فعال کیا جائےگا۔
اہم خبریں سے مزید