• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ہائی وے پر انگلش بیٹرز کی اوور اسپیڈنگ، بولرز بے بس، 492 پر تین آؤٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملتان ہائی وے پر پاکستان کے بعد انگلش بیٹرز نے اوور اسپیڈنگ کرتے ہوئے رنز کے ڈھیر لگادیے، میچ میں اب تک پانچ سنچریاں بن چکی ہیں۔ پاکستان نے556رنز بنائے جس کے بعد انگلش بیٹسمینوں نے پاکستانی بولروں کا بھرکس نکال دیا۔ دن بھر صرف دو وکٹیں گر سکیں اور 396رنز بنے۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں تین وکٹ پر492رنز بنائے ہیں، اسے پاکستان کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 64رنز کی ضرورت ہے۔ بدھ کو تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر جوروٹ12چوکوں کی مدد سے176رنز بناکر نا قابل شکست ہیں۔ ان کے ساتھ ہیری بروک 141رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انہوں نے 12چوکے اور ایک چھکا مارا۔ جوروٹ اور ہیری بروک کے درمیان چوتھے وکٹ کی پارٹنرشپ میں243رنز بن چکے ہیں۔مسٹری بولر ابرار احمد35اوورز میں وکٹ لیے بغیر 174رنز دے چکے ہیں ۔ مردہ پچ پر بیٹر شاہین شاہ، نسیم شاہ اور عامر جمال کو بغیر کسی مشکل کے کھیلتے رہے۔ گرنے والی تین وکٹیں البتہ ان کے ہی ہاتھ لگی ہیں ۔قبل ازیں مہمان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ زیک کرالی 78 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کو اپنی وکٹ دے بیٹھے ۔ لنچ کے بعدبین ڈکٹ 84 رنز بناکر عامر جمال کا شکار بنے ۔ اس دوران جو روٹ نے کیریئر کی 35ویں سنچری مکمل کی۔ جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا، وہ سابق انگلش کپتان الیسٹر کک سے آگے نکل گئے، جنہوں نے 12 ہزار 472 رنز بنارکھے تھے۔ جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس سنچری کے ساتھ انہوں نے یونس خان، سنیل گاواسکر، جے وردھنے اور برائن لارا جیسے عظیم بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ وہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پانچ ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں سچن ٹنڈولکر15921رنز کے ساتھ ٹاپ پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں جو روٹ نے پانچویں بار ایک سال میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا سنگ میل عبور کیا۔ ان سے آگے صرف سچن ٹنڈولکر نے جنہوں نے 6بار کلینڈر ایئر میں یہ سنگ میل عبور کیا ہے ۔ ہیری بروک نے کریئر کی چھٹی سنچری بنائی ، پاکستان میں یہ ان کی چھٹی اننگز تھی اور پچھلی تینوں اننگز میں بھی انہوں نے سنچری اسکور کی تھی۔