راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے،آئی این پی)راولپنڈی میں ڈینگی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کوفوری انسداد ڈینگی کارروائیوں کی ہدایت جا ری ۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ڈینگی سے زیادہ متاثرہ علاقے چک جلال الدین، کوٹھہ کلاں اور پوٹھوہار ٹاؤن ہیں اور ڈینگی ایمرجنسی کے تحت ہنگامی حفاظتی اقدمات اٹھائے جارہے ہیں ، ڈینگی کے خاتمے کیلئے موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ راولپنڈی میں ڈینگی کے ڈین ٹو وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈین ٹو ڈینگی کا وائرس زیادہ خطرناک ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے صدر بازار میں موجود 5 منزلہ کمرشل بلڈنگ کی لوہے کی سیڑھیاں چڑھ کر لاروا برآمد کیا۔جبکہ لاروا برآمد ہونے پر ہارڈیز،بٹ کڑاہی ،کھڈی ،آئیڈیاز اور دیگر کمرشل عمارتیں سربمہر کردی گئیں ۔دریں اثناء گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے134کنفرم مریض سامنے آئے ہیںجس کے ساتھ مریضوں کی تعداد2277ہوگئی ۔268ڈینگی کے کنفرم مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ڈینگی سے متاثرہ علاقوں چک جلال الدین،گلستان کالونی،کوٹھہ کلاں،ڈھوک منشی،شکریال وغیرہ میں موبائل یونٹ اور کیمپوں میں 609مریضوں کو چیک کیا گیا۔240کے ٹیسٹ کئے گئے۔