اسلام آباد(این این آئی)مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے آئینی ترامیم کے ترمیمی مسودے پر اتفاق کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر مسلم لیگ (ن)نواز شریف سے پیپلزپارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، پرویزرشید، مرتضیٰ جاوید عباسی اور مریم اورنگزیب شریک ہوئیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی، سید نوید قمر اور شیری رحمان شریک ہوئیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلاول بھٹو نے مجوزہ آئینی ترامیم پر سیاسی جماعتوں سے روابط کے بارے میں آگاہ کیا۔ آئینی ترامیم سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے نئے مسودے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن)اور یپلزپارٹی میں آئینی ترامیم کے ترمیمی مسودے پر اتفاق رائے ہوگیا۔بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کی شرائط اور تجاویز سے آگاہ کیا، نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ مسودے میں مولانا فضل الرحمان کی ترامیم بھی شامل کرلی گئیں۔