کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے شعبہ نفسیات نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ سی ایم ای کے تعاون سے عالمی یومِ ذہنی صحت کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس سال کے عالمی یومِ ذہنی صحت کا موضوع پیشہ ور افراد میں کام کی جگہ پر ذہنی صحت کی دیکھ بھال تھا۔جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہر چار میں سے ایک شخص اپنی زندگی کے کسی نہ کسی حصے میں ذہنی یا نفسیاتی بیماری کا شکار ہوتا ہے، ہر 40 سیکنڈ میں ایک شخص خودکشی کرتا ہے اور ذہنی بیماریوں کی وجہ سے ملک کو 35فیصداقتصادی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ یہ خوفناک اعداد و شمار ذہنی صحت کو ترجیح دینے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں، خاص طور پر کام کی جگہوں پر، جہاں افراد اپنا زیادہ تر وقت گزارتے ہیں۔