کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی (کے ایم یو) نے کلیریویٹ کی جانب سے جاری کردہ 2025کے جرنل سائٹیشن رپورٹس کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستانی طبی جرائد کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا ہے۔ تازہ ترین درجہ بندی اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستانی طبی تحقیق اور علمی جرائد عالمی سطح پر اپنی شناخت اور اثر و رسوخ میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، جبکہ ملک میں تحقیق کے فروغ اور معیاری علمی کام کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔2025 کے جے سی آر میں شامل ہونے والے جرائد میں عباسی شہید اسپتال و کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے اینالز بھی شامل ہیں، جو کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (کے ایم ڈی سی) کا سرکاری تحقیقی و طبی جریدہ ہے۔