کراچی ( اسٹاف رپورٹر )نارتھ ناظم آباد میں اسپیئر پارٹس کے تاجر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد تھانے کی حدود بلاک اے حسرت موہانی لائبریری کے قریب کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ریسکیو رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمی 55 سالہ آصف ولد ابراہیم کو نجی اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی صدر میں دکان کے ساتھ موٹر سائیکل پارٹس کا تاجر تھا۔ وہ اپنے بھائی اور ملازم کے ساتھ دکان بند کرنے کے بعد گھر واپس آ رہا تھا جب واقعہ پیش آیا ۔