اسلام آباد(ایجنسیاں)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کراچی میں ہلاک چینی انجینئرز کے ورثاءکو معاوضہ دینے اور 5 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی کا اجلاس جمعہ کو وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا۔ای سی سی نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور وزارتوں کی سفارشات کی روشنی میں 5میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی تجویز کو انہی شرائط و ضوابط کے ساتھ منظور کیا جس کی ای سی سی نے 20 تاریخ کو اپنے فیصلے میں اجازت دی تھی۔ یہ اجازت پی ایس ایم اے کی جانب سے اس معاہدے کی فراہمی سے مشروط ہوگی کہ ان کی ملیں اگلے فصل سال کے لئے 21 نومبر 2024 تک پیداوار شروع کر دیں گی اور کسی بھی غیر تعمیل شدہ مل کا برآمدی کوٹہ منسوخ کر دیا جائے گا۔